لاہور ( نیوز رپورٹر) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی ٹرسٹی و جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ شعبہ صحت پراگندہ سیاست کامتحمل نہیں ہوسکتا۔اپنے جائز حقوق کیلئے حکام پردباؤڈالنا یقینااخلاقیات کے نصاب میں ناجائز نہیں لیکن مسلسل کئی کئی روز ہڑتال کے نام پرانتہائی اقدام ناقابل برداشت ہے۔ڈاکٹرزاپنے چارٹرآف ڈیمانڈ کیلئے صوبائی وزراء صحت سمیت حکام کے ساتھ ڈائیلاگ کاراستہ کیوں اختیار نہیں کرتے۔پنجاب حکومت کے دونوں مستعد صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اورخواجہ عمران نذیر تک براہ راست رسائی سمیت ان تک کوئی پیغام پہنچانا انتہائی آسان ہے۔جو انسانیت کی انتھک خدمت کرنے کاپختہ عہدکرتے اورحلف اٹھاتے ہیں وہ کسی قسم کے منفی ہتھکنڈے استعمال نہ کریں۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شوکت بابرورک نے مزید کہا کہ یادرکھیں ڈاکٹرزکاایساکوئی مطالبہ نہیں ہوسکتا جس کیلئے زیرعلاج انسانوں کی قیمتی جانوں کوداؤپر لگادیاجائے۔پروفیشنل ڈاکٹرز کوبیمار انسانوں کا مسیحا کہاجاتا ہے، بیماروں کوموت کے رحم وکرم پرچھوڑناان کے منصب کے شایان شان نہیں۔ا نہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنی ترجیحات کاتعین کرتے ہوئے شعبہ صحت کوخاص اہمیت دی ہے۔