گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) نعش جی ٹی روڈ پر رکھ کر ورثاء کی زبردست نعرے بازی‘ گاڑیوں کی لائنیں‘ پولیس کارروائی کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر‘ سالے کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا بہنوئی دو روز بعد جاں بحق، مقتول کے ورثاء نے نعش جی ٹی روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات محلہ سلیم کالونی کے رہائشی قمر عباس نے دو سال قبل حنا سے پسند کی شادی کی تھی مگر لڑکی کے گھر والے نالاں تھے، دو روز قبل ملزم عمران اور اس کا نامعلوم ساتھی گلی میں فائرنگ کر رہا تھا جسے دیکھنے کیلئے قمر اور اس کی بیوی باہر نکلے تو سالے نے سیدھی فائرنگ کر کے بہنوئی کو شدید زخمی کر دیا اور اپنی ہمشیرہ کو ساتھ لیکر موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ زخمی نوجوان دو دن بعد جان کی بازی ہار گیا جس پر ورثاء نے مقتول کی نعش جی ٹی روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج اور نعرے بازی کی جبکہ روڈ بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں۔ پولیس کی جانب سے 24گھنٹوں کے اندر ملزموں کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشرہو گئے۔