وطن کی سلامتی کیلئے سب کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا‘پیر نقیب الرحمن 

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)حضور نبی کریم  کے ارفع و اعلی میلاد پاک کے سلسلہ میں کریلا،نکیال سیکٹر آزاد کشمیر کے مقام پر عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب  الرحمن نے کی جس میں ہزاروں شمعِ رسالت کے پروانوں نے شرکت کی۔ عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا امت اور وطنِ عزیز آج بھی اپنا رخ ہر طرف سے پھیر کر اپنے روحانی مرکز مدینہ منورہ کی جانب کر لے تو دین و دنیا کی یقینی کامیابی اس کا مقدر بن جائے گی۔ وطنِ عزیز کی سلامتی، تحفظ و بقا کے لئے ہم سب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا حضور نبی کریم کی تشریف آوری کو ربِ رحمان نے مومنین پر احسان جتایا اور قرآن کریم میں حکم اِرشاد فرمایا میری نعمت ِ عظمی کا خوب چرچا کرو۔عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام اور بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی۔ محفل کا اختتام درودو سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔

ای پیپر دی نیشن