اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے پروردہ ہیں؟ ہمیں تو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ملک کی سیاست اینڈ گیم کی طرف گامزن ہے۔ موجودہ قیادت کی بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکالنے کے لئے کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رؤف حسن جیسے لوگوں کو پی ٹی آئی کی قیادت نہیں کہا جا سکتا۔ جب پی ٹی آئی کو سختیوں کا سامنا تھا تب حامد خان کہاں تھے۔ ہمیں تو بانی سے ملاقات سے روکا جاتا ہے۔ وقاص اکرم کی باتیں تو نہیں مانی جا سکتیں۔ اگر مراد سعید یا حماد اظہر کوئی بات کریں تو مانی جا سکتی ہیں۔ ہم پی ٹی آئی میں ہوں یا نہ ہوں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ رؤف حسن جیسے لوگ پی ٹی آئی کو ڈبو رہے ہیں۔ ہم نے قربانیاں دی ہیں۔