دوحہ کانفرنس، افغانستان کی صورتحال پر پاکستان امریکہ رابطہ، قیام امن تجاویز پر تبادلہ خیال

Jul 01, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) دوحہ میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی پاکستانی وفد سے ملاقات ہوئی جس میں افغانستان کی صورتحال پر مشاورت اور قیام امن کے لیے تجاویز کا تبادلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے تحت دوحا  میں جاری تیسری افغان کانفرنس کے موقع پر امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ٹام ویسٹ کی پاکستانی وفد سے سائیڈ لائن ملاقات  ہوئی  جس میں افغان مسئلے پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی آصف درانی، قطر میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد اعجاز اور کابل میں ہیڈ آف مشن ایمبیسیڈر عبیدالرحمن نظامانی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق افغان کانفرنس کے موقع پر  پاکستانی وفد کی دیگر ممالک  کے وفود سے  بھی ملاقاتیں ہوئیں جبکہ روسی نمائندہ خصوصی ضمیر کابلوف سے بھی پاکستانی وفد کی ملاقات ہوئی۔دریں اثناء طالبان حکام نے اقوام متحدہ کی زیر قیادت مذاکرات سے قبل کہا ہے کہ خواتین کے حقوق سے متعلق مطالبات ’’افغانستان کا مسئلہ‘ ہے۔ ان مذاکرات میں افغان خواتین کی غیر شمولیت نے تنقید کو جنم دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق طالبان کی حکومت‘ جس نے 2021ء میں اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد سے خواتین پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ سول سوسائٹی کے نمائندے‘ بشمول خواتین کے حقوق کے گروپس‘ سرکاری بات چیت کے بعد منگل کو بین الاقوامی ایلچیوں اور اقوام متحدہ کے حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔ حقوق کے گروپوں نے افغان خواتین کو اہم اجلاسوں سے باہر رکھنے اور انسانی حقوق کے مسائل کو ایجنڈے میں شامل نہ کرنے کی مذمت کی ہے۔

مزیدخبریں