مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن کی موجودگی میں شفاف الیکشن کا انعقاد ناممکن ہے۔مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو جعلی حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان کرنا چاہیے، پہلے الیکشن کیلئے سازگار ماحول بنانا ہوگا، جعلی فارم 47 کی حکومت کو زمین بوس کرنے میں ہی ملک کی عافیت ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے نتائج فارم 47 کے ذریعے سبوتاژ کئے گئے ہیں، موجودہ چیف الیکشن کمشنر کو آئین شکنی کی قرار واقعی سزا دینی چاہئے، فارم 47 کے سازشی ٹولے کو بھی سخت سزا دینا ہوگی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ مینڈیٹ چور حکومت نے ملک کو مسائل کے دلدل میں پھنسایا ہے، بانی پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی کارکنان کی رہائی کے بغیر ملک آگے نہیں جا سکتا، نئے الیکشن بھی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بغیر ادھورے اور ناقابل قبول ہونگے، سازشی ٹولے کو مینڈیٹ چوری کا حساب دینا ہوگا۔