صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے مون سون بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے، رواں سال مون سون بارشیں 30 فیصد تک زیادہ ہونے کے خطرات ہیں۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر بارش کے امکانات ہیں، دوسرے ہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر بارشیں متوقع ہیں، تیسرے ہفتے میں بالائی و جنوبی پنجاب میں 15 سے 25 ملی میٹر جبکہ چوتھے ہفتے میں 50 سے 70 ملی میٹر بارشیں ہو سکتی ہیں۔مراسلے کے مطابق بالائی، وسطی اور جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ زوردار بارشیں متوقع ہیں، مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ اور جنوبی پنجاب میں ہل ٹورنٹس میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، شدید بارشوں کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں کے دوران تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے۔عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ندی نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات جلد از جلد مکمل کریں، باہمی تعاون اور قبل ازوقت انتظامات سے قدرتی آفات کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے،عوام سے درخواست ہے برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔