اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ ہماری افواج نے غزہ کی پٹی میں حماس تحریک کا گلا گھونٹ دیا ہے۔ انہوں نے رفح میں کئے گئے ایک فیلڈ ٹور کے دوران کہا کہ ہم ایسے مقامات پر پہنچ گئے جہاں تک ہم نے غزہ کی گہرائیوں تک پہنچنے کا خواب بھی نہیں دیکھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حماس تھک چکی ہے اور دوبارہ سنبھلنے سے قاصر ہے۔ گیلنٹ نے کہا ہے کہ ہم اس وقت تک جنگ جاری رکھیں گے جب تک کہ حماس دوبارہ اپنی صلاحیتوں کو استوار کرنے میں ناکام ہو جائے۔ اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے جنگی کابینہ کو بتایا تھا کہ ہماری افواج رفح، شجاعیہ اور پوری غزہ کی پٹی میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک مشکل جنگ ہے جس سے ہم لڑ رہے ہیں۔ زمین پر اور زیر زمین دو بدو لڑائی جاری ہے۔ اتوار کو غزہ شہر کے شجاعیہ محلے میں چوتھے روز بھی پرتشدد لڑائیاں جاری رہیں ۔ دسیوں ہزار فلسطینی نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔ فضائی حملوں نے رات کے وقت غزہ کی پٹی کے کئی مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا جن میں شمال میں غزہ شہر اور جنوب میں رفح اور خان یونس شامل ہیں۔ جمعرات سے اسرائیلی فوج شجائیہ میں آپریشن کر رہی ہے جہاں اس کا کہنا ہے کہ حماس کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہے۔ حماس اور اسلامی جہاد کے مسلح ونگز نے اطلاع دی ہے کہ وہ شجاعیہ کے علاقے میں اسرائیلی افواج کے ساتھ لڑائی کر رہے ہیں۔