دریائے ستلج، راوی اور چناب کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

Jul 01, 2024 | 17:43

ویب ڈیسک

این ڈی ایم اے نے پنجاب اور سندھ میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو فعال کر دیا۔نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی مون سون رپورٹ کے مطابق مشرقی بھارت میں پیدا ہونے والی موسم کی صورتحال اور شدید بارشوں کا سلسلہ پاکستانی علاقوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔تمام صوبوں کو وقتاً فوقتاً ابتدائی وارننگز بھی جاری کی جاتی رہی ہیں، 2 جولائی 2024 سے تمام بڑے دریاؤں بالخصوص دریائے ستلج، راوی اور چناب کے بالائی علاقوں میں درمیانی اور شدید بارشیں بھی متوقع ہیں۔

علاوہ ازیں این ڈی ایم اے نے آسمانی بجلی کے حوالے سے بھی ایک الرٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق 5 تا7 جولائی کے دوران جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف شہروں اور اسلام آباد میں آسمانی بجلی کا گرنا بھی متوقع ہے۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ متوقع بارشوں سے دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جس میں 5 جولائی تک پانی کی سطح تقریباً 50,000 کیوسک تک پہنچ جائے گی اور 10 جولائی 2024 تک سیلابی صورتحال میں شدت کے بعد پانی کی سطح تقریباً 120,000 کیوسک تک پہنچ جائے گی جو کہ اونچے درجے کا سیلاب ہو گا۔این ڈی ایم اے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے علاوہ ازیں عوام سے گزارش ہے کہ وہ حالات سے باخبر رہیں اور سیلاب کی صورت حال، موسم کی رپورٹس اور اپ ڈیٹس پر کڑی نظر رکھیں۔ہدایات پر عمل کریں، مقامی حکام کی جانب سے احکامات جاری ہونے پر فوری طور پر انخلاء کریں، سیلابی پانی سے اپنے آپ کو بچائیں، سیلابی پانی جراثیم کی موجودگی کے باعث مختلف بیماریوں اور بجلی کے تاروں کے ٹوٹنے کے باعث کرنٹ لگنے کا سبب بن سکتا ہے۔سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے مکین اپنے خاندان کے ساتھ انخلاء کے منصوبے تیار کریں، محفوظ مقام کی نشاندہی کریں اور ضروری سامان کے ساتھ ہنگامی کٹ کی تیاری بھی یقینی بنائیں۔ مسافروں سے التماس ہے کہ وہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔این ڈی ایم اے وفاقی اور صوبائی محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ اس ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور تیاریوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔این ڈی ایم اے نے Pak NDMA7 Disaster Alert ایپلیکیشن متعارف کرادی ہے جو گوگل پلے سٹور اورiOS ایپ سٹور پر موجود ہے تاکہ عوام کوبر وقت الرٹس، ایڈوائزریز اور خطرے سے متعلق مخصوص گائیڈ لائنز، عوامی آگاہی کے پیغامات اوردیگر ضروری معلومات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے.

مزیدخبریں