لاہور(کلچرل رپورٹر) ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل محمد علی بلوچ نے گزشتہ روز الحمرا ہال نمبر 3 میں اپنی فیملی کے ساتھ بچوں کے لئے پیش کیا جانے والا ڈرامہ ”عینک والا جن“ دیکھا۔ یہ ڈرامہ مشہور اداکار حامون جادوگر(حسیب پاشا) اور زکوٹاجن(منا لاہوری) نے دیگر بھوت پریوں کے ہمراہ تیار کیا ہے۔ ڈرامے کے اختتام پر بہترین اداکاری اور سکرپٹ پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ٹیم کو 30 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عینک والا جن ڈرامہ بچوں کے لئے دکھانے کی اجازت دی گئی ہے مگر اس میں بڑوں کی تفریح کے لوازمات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا یہ کھیل گزشتہ 30 اتواروں سے ہر اتوار فیملیز کے لئے 3 بجے سہ پہر الحمرا ہال میں فری دکھایا جا رہا ہے اور آئندہ بھی اس کا سلسلہ جاری رہے گا۔