پاکستانی حکام اور میڈیا کی بڑی تعداد صبح دس بجے سے ہی واہگہ بارڈر پر موجود تھی لیکن بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ماہی گیروں کو رات ساڑھے آٹھ بجے رینجرز حکام کے حوالے کیا۔ اس موقع پر ماہی گیروں کے عزیز واقارب بھی واہگہ بارڈر پر موجود تھے۔ ونگ کمانڈر واہگہ بارڈر کرنل شیر جنگ اور فشرمین کواپریٹو سوسائٹی کے مینجر ایڈمنسڑیشن اقبال مہر نے قیدیوں کو وصول کیا جس کے بعد انہیں کسٹم کلیرنس، میڈیکل چیک اپ اور ضروری تفتیش کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا اور وہ ان کو لے کر آبائی علاقے دِیر روانہ ہو گئے۔ ان ماہی گیروں کو بھارتی نیول حکام نے ناجائز طور پر جنوری دو ہزار نو میں مچھلیاں پکڑتے ہوئے لانچ سمیت حراست میں لے لیا تھا اور ان پر سمندری حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔ رہا ہونے والے قیدیوں کا کہنا ہے کہ وہ رہائی کے بعد بہت خوش ہیں تاہم قید کے دوران انہوں نے ایک ایک پل اذیت اور قرب میں گزارا۔