غزہ کے محصورین کے لیے امدادی سامان لے جانیوالے بحری قافلے پر اسرائیلی حملے کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئےہیں۔

اسرائیل کے خلاف ہزاروں فلسطینیوں نے بیروت اورسیدون میں احتجاج کیا ۔ بیروت میں مظاہرین نے اقوام متحدہ کے دفتر کے باہرجمع ہوکر فلسطین اور ترکی کے پرچم لہرائے ۔ لبنان میں قائم فلسطینیوں کے سب سے بڑے عین الہلوے کیمپ میں سکول یونیفارم میں ملبوس بچے گلیوں میں آ کر اسرائیلی حملے کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ مغربی کنارے کے شہر رملہ میں ہزاروں فلسطینیوں نے احتجاج کیا ۔ مظاہرین حماس کے پرچم لہرا رہے تھے اوراسرائیل کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ اردن کے دارالحکومت عمان میں بھی اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اورشہید ہونے والے بے گناہ افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا۔ ترکی کےدارالحکومت انقرہ میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی سفارت خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے کے شرکاء کا کہنا تھا اسرائیل دہشتگردی کا مرتکب ہوا ہے ۔ بوسنیا ہرزے گووینا میں سینکڑوں ترک طلبہ نے مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ترک پرچم لہرائے۔ مظاہرے کے شرکاء کہنا تھا کہ دنیا اسرائیل کے مظالم دیکھ رہی ہے لیکن اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ۔ امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن سینکڑوں افراد نے اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی دہشت گردی کا شکار لاکھوں محصور فلسطینیوں تک امدادی قافلے کو رسائی کی اجازت دی جائے۔ 

ای پیپر دی نیشن