نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو” روٹس پر قبضہ کرو تحریک“ چلائینگے: دفاع پاکستان کونسل

Jun 01, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل نے نیٹو سپلائی کی بحالی کی صورت میں نیٹو روٹس پر قبضہ کرو تحریک کا اعلان کر دیا ہے جبکہ آج ملک بھر میں مظاہروں اور دھرنوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس امر کا فیصلہ دفاع پاکستان کونسل لاہور کے عہدیداران کے جماعت اسلامی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس سے امیرالعظیم، حافظ ابتسام الہی ظہیر، قاری محمد یعقوب، مولانا عاصم مخدوم، علامہ محمد یونس، حافظ عبدالغفار روپڑی، میاں عبدالقدیر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ دفاع پاکستان کونسل کے پرعزم مظاہروں نے امریکی سازشوں کو مسدود کردیا ہے۔ اجلاس میں جماعت اسلامی، جمعیت اہلحدیث، جماعتہ الدعوة، جمعیت علماءاسلام (س)، عوامی مسلم لیگ سمیت کونسل میں شامل جماعتوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ آج لاہور میں پریس کلب کے باہر علامتی دھرنا دیا جائے گا اور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں پاس کی جائیں گی۔ دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، منور حسن، محمد احمد لدھیانوی، حمید گل، شیخ رشید، اعجاز الحق، مولانا فضل الرحمن خلیل، مولانا عبدالقادر لونی و دیگر نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ مظاہروں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں۔
مزیدخبریں