واشنگٹن (نوائے وقت نیوز)مریکی تجزیہ کاروں کے مطابق میاں نواز شریف کی حکومت کے لئے پاکستان کے مسائل سے نمٹنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔ امریکہ اور بھارت کے ساتھ تعلقات میں بھی کسی بڑی تبدیلی کا امکان کم ہے۔ امریکی تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ پاکستان کے حالیہ انتخابات میں بڑی سیاسی جماعتوں کا صوبوں تک محدود ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ نواز شریف کے لئے دیگر صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ایک چیلنج ہو گا۔ ماہر جنوبی ایشیا، ڈاکٹر اینڈریو وائلڈر نے خبردار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے انتخابی وعدے جلد پورے ہونا آسان نہیں۔ امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل کی سابق ڈائریکٹر برائے پاکستان، شمائلہ چوہدری نے کہا کہ امریکی فوجوں کے افغانستان سے انخلا تک امریکہ کو پاکستان کی ضرورت رہے گی۔ تاہم اس کے بعد کا منظر نامہ غیر یقینی ہے۔ بلوچ صحافی ملک سراج اکبر کا کہناتھا کہ پاکستان کو امن کے لئے تمام دہشتگرد گروہوں کے خلاف یکساں کارروائی کرنا ہوگی۔ تجزیہ کار ڈاکٹر سمبل خان نے کہا کہ عمران خان کی کامیابی نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ اب انہیں خیبر پی کے میں کارکردگی کا عملی مظاہرہ کرنا ہو گا۔
نواز شریف /امریکی تجزیہ کار