سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر ڈرون حملے کیخلاف ملک گیر یوم مذمت منایا گیا

سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر ڈرون حملے کیخلاف ملک گیر یوم مذمت منایا گیا

Jun 01, 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر ”یومِ مذمت“ منایا گیا اور ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علمائے اہلسنّت نے امریکہ کی اسلام اور پاکستان دشمن پالیسیوں کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنایا۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا امریکہ کے ڈرون حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ نواز شریف شیر بنیں اور ڈرون گرانے کا حکم دیں کیونکہ ڈرون حملے امریکہ کی مذمت سے نہیں مرمت سے بند ہوں گے۔ ڈرون حملے بند نہ ہوئے تو ہیرو بننے والے زیرو ہو جائیں گے۔ امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے مسلسل پاکستان کی خودمختاری کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ اقوام متحدہ ڈرون حملے روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت پاکستان ڈرون حملوں کا مسئلہ عالمی عدالت انصاف میں لے جائے اور امریکہ کو نو مور کی وارننگ دے۔ صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی نے ملتان کی شاہی عیدگاہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ڈرون حملے امریکہ کی بدمعاشی کی بدترین مثال ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے کہا امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ امریکی صدر پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا چاہیے۔ پیر محمد اطہر القادری نے محافظ ٹاﺅن لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا ڈرون حملے پاکستانی حکمرانوں کی اجازت سے ہوتے ہیں اور حکمران قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے رسمی اور نمائشی احتجاج کر کے ڈرامہ کرتے ہیں۔ مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف وزیراعظم بننے کے بعد پہلا حکم ڈرون گرانے کا دیں اور ڈرون گرا کر حکومت کا آغاز کریں۔ ادھر گوجرانوالہ میں یوم احتجاج منایا گیا۔ صاجزادہ پیر محمد داﺅد رضوی ، مفتی غلام نبی سرفراز احمد تارڑ ،مفتی حسین صدیقی ، سید محمد اقبال ، صاجزادہ عمار ، مفتی سعید رضوی ، قاری غلام سرور حیدری ، مولانا خالد حسن مجددی ، قاری اعظم چشتی ، حافظ محمد رفیق قادری ، مہر عارف ندیم ایڈووکیٹ ، قاضی محمد یعقوب رضوی ، حافظ آصف علی اویسی ، پیر قاری محمد اشرف شاکر ، ملک نصیر نقشبندی ، قاری خالد محمود نقشبندی ، قاری یاسین نعیمی ، حافظ یعقوب فریدی ، وزیرعلی بھٹی اور عبدالمجید کیلانی نے کہا ہے حکمران امریکی تابعداری چھوڑ کر ملکی مفاد میں فیصلے کریں مولانامحمد اکبر نقشبندی نے کہا ڈرون حملے اسلام دشمنی ، دہشت گردی اور ملکی سلامتی کےلئے شدید خطرہ ہیں فوری بند کئے جائیں۔ امریکی دھمکی اور تھپکی کی پرواہ نہ کریں امریکہ ڈرون پالیسی پر نظر ثانی کرتا تو تمام تر دباﺅ کے باوجود ایٹمی دھماکے کرنے والے نامزد وزیر اعظم میاں نوازشریف پہلی تقریر میں احتجاج کی بجائے پارلیمنٹ کی متفقہ قرار داد کے مطابق ڈرون گرانے کا حکم دے کر منہ توڑ جواب دیں پوری قوم بھر پور ساتھ دے گی ہ ڈرون حملوں میں بے گناہوں کا خون بہانے والے اصلی دہشت گر د ہیں۔
یوم مذمت

مزیدخبریں