مریدکے: مبینہ طور پر بھتہ نہ دینے پر پراپرٹی ڈیلر قتل، ورثا کا احتجاج

Jun 01, 2014

مریدکے (نامہ نگار) تھانہ سٹی کے علاقہ فضل پورہ میں مسلح افراد نے مبینہ طور پر بھتہ نہ دینے کی بنا پر اندھا دھند فائرنگ کرکے علاقہ کے معروف پراپرٹی ڈیلراور 10 بچوں کے باپ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ورثا نے مقتول کی نعش جی ٹی روڈ پر رکھ کر تین گھنٹے تک ہر قسم کی ٹریفک روکدی جس سے دونوں طرف گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں۔ جدید اسلحہ سے لیس درجن کے قریب ملزموں نے مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر حاجی محمد اشرف عرف اشری کو گھر میں سوتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارا اور آدھ گھنٹہ تک فائرنگ کرکے علاقہ میں خوف و ہراس پھیلانے کے بعد فرار ہو گئے۔ اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ صدر مریدکے اور وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے کوارڈینیٹر رانا حسیب عامر منوں آباد پہنچ گئے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہا نی کرائی مگر مشتعل مظاہرین نے ٹریفک کھولنے سے انکار کردیا۔ ڈی ایس پی سرکل مریدکے بھی موقع پر پہنچ گئے تاہم تھانہ سٹی کا ایس ایچ او تین گھنٹے تک جائے واردات پر نہ پہنچ سکا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا  اکبروغیرہ نے علاقہ میں دہشت پھیلا رکھی ہے اور علاقہ کی درجنوں ایکٹر اراضی پر قبضہ کرکے بھتہ وصول کیا جاتا ہے۔ انکے خلاف قتل، اقدام قتل سمیت ایک سو سے زائد مقدمات ہیں، پولیس انکے خلاف کوئی کاروائی نہیں کرتی۔ ایس پی انوسٹی گیشن شیخوپورہ رانا ممتاز احمد نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کی چوبیس گھنٹے میں گرفتاری اور مدعی کی مرضی کے مطابق ایف آر درج کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین نے نعش اٹھا کر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال روانہ کردی۔ پولیس نے ملزموںکی گرفتاری کیلئے تین ٹیمیں روانہ کردی ہیں لیکن رات گئے تک کسی ملزم کیخلاف مقدمہ درج نہ کیا جاسکا۔

مزیدخبریں