لاہور (فرخ سعید خواجہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری میں اتفاق ہو گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ایک مرتبہ پھر چاروں صوبوں کی زنجیر بنانے کیلئے مل کر کام کیا جائے گا تاکہ پیپلز پارٹی کو 1970ءوالی پارٹی بنایا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو میں اس بات پر بھی اتفاق ہے کہ دونوں باپ بیٹا ملک کے چاروں صوبوں میں سیاسی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ اس سلسلے میں حکمت عملی طے کی گئی ہے کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو ملک کے مختلف حصوں کا الگ الگ طوفانی دورہ کریں گے اور جہاں ضرورت محسوس کریں گے اکٹھے بھی جائیں گے۔ نوائے وقت نے حالیہ اطلاعات کہ بلاول بھٹو پنجاب میں پارٹی کو متحرک کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کے بارے میں آصف زرداری کے قریبی ذرائع سے استفسار کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ آصف زرداری کے کوآرڈینیٹر اور پیپلز پارٹی کے رہنما نوید چودھری نے بھی اسے خلاف حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ افواہیں چائے کی پیالی میں طوفان اٹھانے کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ پیپلز پارٹی کو ماضی کا قصہ سمجھتے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنوں پر ان افواہوں کا اثر نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی افواہیں ”کسی“ کی خواہش پر پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریک چیئرمین آصف زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی سیاسی جدوجہد کر رہی ہے جبکہ بلاول بھٹو جو کہ پاکستان کے لیڈر ہیں خود کو کسی ایک صوبے تک محدود نہیں رکھیں گے۔
زرداری‘ بلاول میں اتفاق