لاہور (نامہ نگار) مغل پورہ کے علاقہ میں رکشہ ڈرائیور کا تین سالہ بچہ گھر کے باہر گلی میں کھیلتے ہوئے کھلے گٹر میں گر کر جاںبحق ہو گیا۔ اس افسوسناک واقعہ پر ورثا اور اہل علاقہ مشتعل ہو کر سڑک پر نکل آئے ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق مغل پورہ کے علاقہ ڈاک خانہ سٹاپ، ورکشاپ روڈ کا رہائشی سخاوت رکشہ چلاتا ہے۔ گزشتہ روز سخاوت کا تین سالہ بیٹا سبحان گلی میں کھیل رہا تھا کہ اچانک وہ لاپتہ ہو گیا۔ گھر والے بچے کو تلاش کرتے رہے۔ ڈیڑھ گھنٹے بعد گھر کے باہر کچھ فاصلے پر گلی میں بغیر ڈھکن کے گٹر میں بچے کی تیرتی نعش دیکھ کر محلے داروں نے اسے باہر نکالا۔ بیٹے کی نعش گٹر سے ملنے پر ماں کو غشی کے دورے پڑے لگے اور کہرام مچ گیا۔ اس واقعہ پر محلہ دار اور ورثا نے شدید احتجاج کیا اور نعش سڑک پر رکھ کر ضلعی انتظامیہ اور واسا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے ٹائر اور لکڑیاں جلا کر سڑک بلاک کر دی جس سے یہاں ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام نے ورثا سے مذاکرات اور انہیں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔ بچے کی ہلاکت پر محلے میں سوگواری کی فضا چھا گئی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ شہباز شریف نے مغل پورہ میں کھلے مین ہول میں گر کر تین سالہ بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے جاں بحق بچے کے لواحقین سے ہمدری اور اظہار تعزیت کیا۔
مغلپورہ: رکشہ ڈرائیور کا 3 سالہ بیٹا گھر کے باہر کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق
Jun 01, 2016