اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی مہلت ختم ہوگئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مہاجرین کی ڈیڈ لائن میں توسیع کی درخواست پر غور کیا جا رہا ہے۔ توسیع نہ ہونے پر آج سے افغان مہاجرین بغیر ویزا پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ افغان حکام نے مہاجرین کیلئے نرمی اور توسیع کی اپیل کی ہے۔ افغان حکام نے درخواست میں کہا ہے کہ رمضان تک افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے مہلت دی جائے۔ ادھر افغانستان سے آنیوالے تمام افغان باشندوں کی دستاویز چیک کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے افغانیوں سے دستاویزات کی جانچ پڑتال کرنے کیلئے طورخم بارڈر کو سیل کردیا۔ راہداری پرمٹ بھی صرف پاکستان میں سرحدی علاقے سے ملحق 20 کلومیٹر کے اندر شنواری قبائل کو جاری کیا جائیگاجس کے تحت وہ افغانستان جا سکیں گے اور افغانستان کے شنواری قبائل پاکستان آسکیں گے تاہم بعد میں انہیں بھی پاسپورٹ اور ویزے کا پابند کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
قیام کی مہلت ختم، افغان مہاجرین بغیر ویزا پاکستان میں داخل نہیں ہوسکیں گے
Jun 01, 2016