اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتیں جون میں برقرار رہیں گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں رمضان کی وجہ سے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اوگرا کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظور نہیں کی گئی۔ حکومت ساڑھے 8 ارب روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔ وزیراعظم کے کامیاب آپریشن پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ بجٹ دستاویز کی وزیراعظم سے منظوری آئینی تقاضا تھا جسے پورا کیا گیا۔ وزیراعظم کی دستخط شدہ دستاویز موصول ہو گئی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ دریں اثنا وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ نے ملاقات کی جس میں پاک بحریہ کی مالی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔