سرگودھا : مبینہ پولیس مقابلہ‘ ڈاکوئوں کا بیٹا اور 20 , 20 لاکھ سروں کی قیمت والے 2 بھانجے ہلاک

Jun 01, 2016

ساہیوال/ سرگودھا (نامہ نگار) سرگودھا میں مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اس کا بیٹا اور 20، 20 لاکھ روپے سروں کی قیمت والے 2 بھانجے ہلاک ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں مطلوب اللہ یار، اس کا بیٹا بلال، 2 بھانجے اسد نواز اور بابر نواز مڈھ رانجھا کے قریب ایک گاؤں سے ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ بڈھی پل کے قریب پولیس کے ساتھ آمنا سامنا ہوگیا جس پر موٹر سائیکل پر سوار آٹھ ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے چار ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ چار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت اللہ یار عرف یارا، بلال احمد، اسد وقاص، بابر علی کے نام سے کی گئی ہے جن کا تعلق تحصیل کوٹ مومن کے علاقے میانہ کھو سے بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے نعشیں قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔ ہلاک ہونے والے بابر اور اسد کے سروں کی قیمت 20، 20 لاکھ روپے مقرر تھی اور وہ سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔
4 ڈاکو ہلاک

مزیدخبریں