بجٹ: پنجاب حکومت نے آبیانہ کے ریٹ میں 50فیصد اضافے کی تجویز تیار کرلی

Jun 01, 2016

لاہور (معین اظہر سے ) حکومت پنجاب نے بجٹ میں کسانوں سے پانی کے ریٹ (آبیانہ) میں50 فیصد اضافہ کی تجویز تیار کر لی ہے، آبیانہ کیلئے ٹارگٹ تقریباً 1 ارب 47 کروڑ روپیہ طے کیا گیا تھا ابھی تک صرف 98 کروڑ روپے وصول ہوئے ہیں۔ اگلے بجٹ میں آبیانہ کی شرح میں 50 فیصد اضافہ کی تجویز تیار کرکے ٹارگٹ کو تقریباً 2 ارب 36 کروڑ تک کر دیا جائے گا۔ تاہم ذرائع کے مطابق اضافہ 100 فیصد کیا جا رہا ہے۔ 50فیصد اضافے کی تجویز پر میٹنگ وزیراعلیٰ پنجاب کے بیرون ملک جانے کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ہے۔ ان کی واپسی پر حتمی منظوری دی جائے گی۔ اریگیشن ذرائع کے مطابق آبیانہ کے چارجز میں اضافے کی وجہ سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمت میں مزید اضافہ ہو جائے گا جبکہ کسانوں کے لئے مشکلات بھی بڑھ جائیں گی کیونکہ اہم زرعی اضلاع کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے چھوٹے کاشتکار کم پانی اور بعض دفعہ پانی نہ ملنے کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں جبکہ بااثر افراد کو پانی فراہم کر دیا جاتا کیونکہ گزشتہ ایک سال میں تقریباً 8 ہزار سے زیادہ شکایتیں محکمہ اریگیشن کو موصول ہوئی تھیں جس میں بااثر افراد کو پانی کی فراہمی کرکے چھوٹے کاشتکاروں کو پانی نہیں دیا گیا ہے تاہم سیاسی وجوہات کی وجہ سے ان درخواستوں پر کارروائی کو صرف کاغذی حد تک رکھا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق دو تجاویز زیر غور ہیں ایک کے مطابق اضافہ 100 فیصد کر دیا جائے جبکہ دوسری تجویز میں اضافہ 50 فیصد کر دیا جائے۔

مزیدخبریں