پی ایس 106، 117 اور 22 میں ضمنی الیکشن کل ہوگا، رینجرز، فوج تعینات ہوگی

Jun 01, 2016

کراچی (وقائع نگار+نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے کل 2 جون کو سندھ اسمبلی کی 2 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیدیا گیا ہے جن میں پی ایس 106 اور 117 شامل ہیں۔ کراچی میں سندھ اسمبلی کی 2 نشستوں پی ایس 106اور پی ایس 117 اور پی ایس 22 نوشہروفیروز میں کل 2 جون کو ضمنی انتخاب ہورہے ہیں جس کیلئے الیکشن کمشن نے سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے جس کے مطابق ضمنی انتخاب کے دوران ضلع وسطی اور شرقی میں عام تعطیل ہوگی تاہم وفاق کے ماتحت ادارے، بینکس اورنجی دفاترمعمول کے مطابق کھلے ہوں گے۔ واضح رہے 2013ء کے عام انتخابات میں پی ایس 106 اور پی ایس 117 سے ایم کیو ایم کے ڈاکٹر صغیر احمد اور افتخارعالم کامیاب ہوئے تھے تاہم دونوں افراد نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ علاوہ ازیںالیکشن کمشن نے پی ایس 106 کراچی، پی ایس 117، کراچی، پی ایس 22 نوشہرو فیروز میں ضمنی انتخابات کے موقع پر رینجرز اور فوج کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔ تینوں حلقوں میں رینجرز، پاک فوج تعینات کی جائیگی۔ الیکشن کمشن کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں حلقوں میں رینجرز جوان پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہوںگے۔ پاک فوج کے جوان کیو آر ایف کے طور پر فرائض سرانجام دیںگے۔ علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے سندھ میں ضمنی انتخابات میں فوج یا رینجرز کی تعیناتی کیلئے وفاق کو خط لکھ دیا ہے۔

مزیدخبریں