لاہور (خصوصی نامہ نگار) نیب نے متروکہ وقف املاک بورڈ نے سابق چیئرمین آصف ہاشمی دور میں مختلف اضلاع میں اربوں روپے مالیت کے بورڈ کی ملکیتی اراضی سینکڑوں ملازمین اور نجی افراد کو الاٹ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ الاٹیوں کو پلاٹوں کی فروخت سے روکتے ہوئے شہریوں کو خبردار کریں کہ اس حوالے سے کوئی لین دین نہ کریں جبکہ ایک چٹھی کے ذریعے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ تمام الاٹمنٹس منسوخ کی جائیں ،یاد رہے کہ آصف ہاشمی دور میں ساڑھے 4 سو کے قریب ملازمین اور نجی افراد کو لاہور کے علاقہ کینٹ، ڈی ایچ اے، گوجرانوالہ، فیصل آباد، گجرات، ننکانہ صاحب، ساہیوال اور بنوں میں اربوں روپے کی اراضی الاٹ کی گئی تھی جس کیخلاف دو ملازمین آصف رضا شیخ اور جاوید بشیر نے نیب میں درخواستیں جمع کرائیں تھی مذکورہ بالا دونوں ملازمین کا نام بھی اراضی الاٹ کرانے والوں میں نام شامل ہے۔ بورڈ ریکارڈ کے مطابق سابق وائس چیئرمین ڈاکٹر محمد علی، چوہدری محمد ریاض، سابق سیکرٹری جنید احمد، سابق سیکرٹری امیر خان وزیر، سیکرٹر ی ایجوکیشن، خالد بیگ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن صدیق خرم ، اظہار الحسن، سابق چیف آف اکانٹس افسر چوہدری محمد بوٹا، فرحت عزیز سمیت کئی موجودہ اور سابق افسران شامل ہیں جبکہ قابل ذکر بات ہے کہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں بیشتر الاٹیوں نے زمین فروخت کردی ہے جبکہ کئی الاٹی اراضی فروخت کرنے کے بعد انتقال کر چکے ہیں۔
نیب نے آصف ہاشمی دور میں وقف املاک کی الاٹمنٹس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی
Jun 01, 2017