نہال ہاشمی کیخلاف مقدمہ کیلئے پرانی انارکلی تھانہ میں درخواست دائر

لاہور(وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی کی طرف سے عدلیہ ا ور جے آئی ٹی کے خلاف تقریر کرنے پر اندراج مقدمہ کیلئے پولیس سے رجوع کر لیا گیا ہے۔ مقامی وکلا ثاقب گجر اور عاصم تارڑ نے پرانی انار کلی پولیس سٹیشن میں اندراج مقدمہ کی درخواست دیدی جس میں کہا گیا کہ مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی اشتعال انگیز تقریر کی ہے۔ نہال ہاشمی نے تقریر میں اعلیٰ عدلیہ اور جے آئی ٹی کے ارکان کو دھمکیاں دی ہیں جو قابل دست اندازی جرم ہے۔ تقریر سرکاری کام میں مداخلت ہے اس لیے نہال ہاشمی کے خلاف دھمکیاں دینے اور سرکاری کام میں مداخلت کرنے پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7، تعزیرات پاکستان کی دفعات 186، 353 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن