کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامراہ اور ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے مسلم لیگ ن کے سینیٹرنہال ہاشمی کی جانب سے جے آئی ٹی کمیٹی کے ممبران اور ان کے بچوں اور سپریم کورٹ کو دھمکیاں دینے پرشدید رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کی مذکورہ تقریر کے پیچھے نواز شریف اور چوہدری نثار دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ہمیشہ سے یہ وطیرہ رہا ہے کہ جب ان کے ظلم سے تنگ آکر مظلوموں نے آواز اٹھانا چاہی تومسلم لیگ ن نے حکومتی مشینی کے ذریعہ اس کی آواز بند کر دی اور آج ان کے سینیٹر نے ثابت کر دیا کہ ن لیگ نے جس طرح 1992میں عدالتوں پر حملہ اور اس کے تقدس کو پامال کیا اور آج بھی اسی طرز کی سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور ان کے چہیتے اعلیٰ عدلیہ کو دھمکانے اور حملے کی منصوبہ بندی کررہے ہیںجس سے لگ رہا ہے کہ ن لیگی نا اہل ہونے والے ہیں۔