برصغیر میں اسلام صوفیاءکرام کے پیغامِ محبت سے پھیلا، پیر عبید احمد ستی

Jun 01, 2017

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی )ممتاز مذہبی سکالر جماعت اہلسنت پاکستان کے صوبائی ناظمِ اعلیٰ علامہ پیر عبید احمد ستی کی زیر صدارت مرکزی بزم عاشقانِ رسول پاکستان کا سالانہ اسلامی ، روحانی اجتماع منعقد ہوا، مہمانِ خصوصی جماعت اہلسنت پاکستان کے سرپرست اعلیٰ پیر سید محمد علی واسطی چیئرمین مرکزی جلوس میلاد کمیٹی اسلام آباد تھے، روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم علمائے ضیاءالعلوم العالمی کے سربراہ مولانا ابو الفضل عبدالغنی نقشبندی نے کہا کہ رسول اللہ کی محبت ہمارے ایمان کا مرکز ہے۔جس دل میں نبی کریم کی محبت نہیں وہ مومن نہیں۔ ہمیں اپنی زندگیاں رسول کریم کی پاکیزہ سیرت پر گزارنی چاہئیں اسی میں ہماری دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے، پیر سید محمد علی واسطی نے کہا کہ محمد عربینے دین کو محبت ، پیار اور اخوت کا درس دے کر پھیلایا ۔اسلام میں جبر کا کوئی تصور نہیں ہے، علامہ پیر عبید احمد ستی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اسلام صوفیاءکرام کے پیغامِ محبت سے پھیلا جنہو ں نے رسول اللہ کی پاکیزہ سیرت کے پیغام کو عام کیا اور توحید و رسالت کے علم کے نیچے تمام لوگوں کو جمع ہونے کی دعوت پیش کی اور دین اسلام کی حکانیت ثابت کی۔ آج امت مسلمہ اپنے قول و فعل میں تضاد کی وجہ سے اور رسول خدا کے بتائے ہوئے راستے سے بھٹک جانے کی وجہ سے زوال کا شکار ہے۔ روحانی اجتماع میں تلاوت قرآن کریم ، نعت خوانی، ذکر اذکار، درود و سلام اور درسِ قرآن دیا گیا۔ آخر میں پاکستان و عالم اسلام کے اتحاد اور امت مسلمہ کی کامیابی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزیدخبریں