لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی من مانیاں عالمی سطح پر مسلسل پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہی ہیں۔ ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اور اسلامک گیمز باکو میں ذلت آمیز شکستوں کے بعد ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں بغیر ٹرائلز کے بھیجی گئی ٹیم بھی شرمناک شکست سے دو چار ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق پی ٹی ٹی ایف نے دو خواتین کھلاڑیوں سے اڑھائی لاکھ روپے فی کس وصول کرکے ایونٹ میں بھجوایا جو پہلے ہی راﺅنڈ میں شکست کے بعد باہر ہو گئیں۔ پاکستان کی صنم یاسین کو ترکی کی یلماز اور کروشیا کی ماریلہ نے چار صفر جبکہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی کوچ یاسمین اختر کو مکاﺅ کی وانگ اور ایران کی ندا کے ہاتھوں چار صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مینز سنگلز میں علی فیصل جو پہلے سے جرمنی میں رہائش پذیر ہیں پرتگال کے ڈیگو ، ایسٹونیا کے ویلٹ اور فلپائن کے گونزالیز سے بآسانی چار صفر سے ہار گئے ڈبلز میں صنم اور یاسمین کو ایرانی جبکہ مکسڈ ڈبلز میں علی فیصل اور صنم کو لٹویا کی جوڑی سے سٹریٹ گیمز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن اس سے قبل بھی بغیر ٹرائلز کےٹیموں کومختلف ایونٹس کے لئے بھیجتی رہی ہے جس کا نتیجہ بدترین شکست کی صورت میں نکلا۔ حالیہ ایشین چیمپئن شپ میں خواتین کی قومی ٹیم 26 ممالک میں آخری نمبر پر رہی تھی۔