پاکستانی قرضوں کا حجم آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکیج کی گھنٹیاں بجا رہا ہے

Jun 01, 2018

لندن (این این آئی)برطانوی جریدے بلوم برگ نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تین سال کی کم ترین سطح پر ہیں اور پاکستانی قرضوں کا حجم آئی ایم ایف بیل آئوٹ پیکیج کی گھنٹیاں بجانے لگا ہے۔برطانوی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیاکہ پاکستانی قرضوں کا حجم آئی ایم ایف بیل آوٹ پیکیج کی گھنٹیاں بجانے لگا ہے، پاکستان کی فنانسنگ ضرورت ایمرجنگ ملکوں میں سب سے زیادہ ہے،آئندہ مالی سال میں ساڑھے 9 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرض لینا ہوں گے ٗ 1980 سے آئی ایم ایف سے 12 بیل آوٹ پیکیج لیے جاچکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2013 سے بیرونی قرض اور واجبات 76 فیصد بڑھ کر 92 ارب ڈالر ہوچکے ہیں، بیرونی قرض، جی ڈی پی کا 31 فیصد ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 3 سال کی کم ترین سطح پر ہیں، گرتے ذخائر کے سبب روپے کی قدر دو مرتبہ کم کی گئی ہے۔بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی صورتحال گزشتہ سال تک بہتر تھی، موجودہ حکومت معاشی نمو کو 10 سال کی بلند  ترین سطح پر لے گئی، معاشی نموسستے خام تیل،آئی ایم ایف پیکیج اور چینی سرمایہ کاری کے مرہون منت رہی۔

مزیدخبریں