عوام کی تقدیر کے مالک لیٹرے سیاست دان نہیں‘علامہ غلام غوث بغدادی

کراچی( نیوز رپورٹر) تحریک لبیک پاکستان سندھ کے امیر مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا ہے کہ سندھ کے غریب عوام کا سب کچھ ہڑپ کرنے والے ایک بار پھر بنیادی سہولتوں سے محروم عوام کے استحصال کیلئے انتخابی میدان میں آرہے ہیں،جو تھر میں بچوں کی ہلاکتوں کو نہ رکواسکے،نہروں کو پختہ  نہیں کراسکے،جنہوں نے گنے کے آباد گاروں کو فقیر بنادیا اورگندم کا بار دانہ اپنے لوگوں میں تقسیم کردیا اور ہر ضلع میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی خرانہ ہڑپ کرکے پورے سندھ کو کھنڈر بناکر چھوڑ دیا ہے وہ ایک بار پھر عوام کو بیوقوف بناکر ووٹ مانگنے نکل کھڑے ہوئے ہیں. انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت اندرون سندھ کا یہ حال ہے کہ اول تو اکثر ترقیاتی منصوبے مکمل ہوتے ہی نہیں ہیں اور اگرکچھ منصوبے مکمل ہوتے ہیں تو ان کا معیار ایسا ہوتا ہے کہ ایک بارش کے بعد ہی ان ترقیاتی منصوبوں کا پول سامنے آجاتا ہے. وہ حیدرآباد اور ٹھٹھہ سے آئے ہوئے امیدواروں سے گفتگو کررہے تھے،مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں سندھ کے عوام کو اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے روایتی اور لیٹرے سیاست دانوں کے سامنے ہمت سے کھڑا ہونا ہوگا،سندھ کے عوام کی تقدیر کے مالک لیٹرے اور نیب زدہ سیاست دان نہیں بلکہ خود سندھ کے عوام اپنی تقدیر کے مالک ہیں،انہیں اللہ عزوجل پر توکل اورسرکاردو عالمﷺ کے وسیلے پر بھروسہ کرتے ہوئے لبیک پاکستان کے روحانی نعرے کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، انشاء اللہ سندھ میں دھونس،دھاندلی اور جبر وظلم کی سیاہ رات کا خاتمہ اور نور سحر کا سورج طلوع ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن