شیخوپورہ+صفدرآباد+پھلروان چوک(نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران )صفدرآباد مانانوالہ روڈ پر ٹریفک حادثہ 11افراد ہلاک 40زخمی ،زخمیوں کو صفدرآباد اور شاہکوٹ شفٹ کر دیا گیا حادثہ اوور لوڈنگ اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔مسافر بس رات آٹھ بجے کے قریب سانگلہ ہل سے براستہ صفدرآباد لاہور آ رہی تھی جونہی بس بیر والا سٹاپ کے قریب پہنچی تو سپیڈ تیز ہونیکی وجہ سے ڈرائیور سے کنٹرول نہ ہوسکی اور بس قلا بازیاں کھاتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری جس کے باعث موقع پر ہی 8افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ تین افراد اسپتال لیجاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے دس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ حادثے میں کل 40افراد ز خمی ہوئے زخمیوں کو صفدرآباد اور شاہکوٹ اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا مقامی پولیس اور ریسکیو 1122نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔شیخوپورہ/ صفدرآبادسے نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگارکے مطابق جاں بحق ہونیوالوںمیں اکثریتی تعداد تاجروں کی تھی جو کاروبار سے فراغت کے بعد صفدرآباد سے اپنے گھروں کو واپس شیخوپورہ آرہے تھے۔ ارشد کمال ، اللہ رکھا ، حاجی محمد اسلم سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ثاقب ، امین ، مشاق ،محمد عمیر ، محمود حسین ، شبیر ، عابد ، رشید ،وقاص ، نذیر ،طلحہ وغیرہ شدید زخمی ہوگئے۔مانانوالہ صفدرآباد روڈ پر بس حادثہ میں جاں بحق ہونیوالوں میں روزنامہ ”نوائے وقت“ صفدرآباد کے نامہ نگار عابد ریاض چودھری کے سسر حاجی میاں محمد اسلم بھی شامل ہیں جو صفدرآباد سے شیخوپورہ آرہے تھے حاجی محمد اسلم کی نماز جنازہ آج ارائیانوالہ روڈ شیخوپورہ میں ادا کی جائیگی ۔بدقسمت بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صفدر آباد کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
حادثہ