فیصل آباد، حافظ آباد،گجرات، اسلام آباد، کراچی، پشاور، پاکپتن ( نامہ نگاران، خصوصی رپورٹر، بیورو رپورٹ) شدید گرمی و حبس کے باعث دو خواتین سمیت تین افراد چل بسے۔ بتایا گیا کہ نور بی بی، حفیظاں بی بی، یاسمین شدید گرمی کے باعث ہارٹ اٹیک ہونے سے ہسپتال لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 4 سے 5 روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور بالائی سندھ، جنوبی و وسطی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔گجرات میں بجلی گھر سرگودھا روڈ پر گلی کے کونے پر لگا ٹرانسفارمرگرمی کی شدت کے باعث دھماکے سے پھٹ گیا ٹرانسفارمر پھٹنے سے گرم تیل سڑک پر پھیل گیا جس سے ٹرانسفارمر اور اس کے نیچے جھاڑیوں میں آگ لگ گئی گرم تیل گرنے سے گزرنے والے دو بچے جھلس گئے ٹرانسفارمر پھٹنے سے ڈیڑھ سوگھروں کی بجلی منقطع ہوگئی۔ حافظ آباد سے نامہ نگار کے مطابق شہر میں دس سے بارہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکپتن میں میپکو کی غیر اعلانیہ بدترین لوڈشیڈنگ دیکھنے کوملی، بجلی کی بار بار ٹرپنگ نے شہریوں کا جینا دو بھرکردیا۔آن لائن کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 4 سے 5 روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور بالائی سندھ، جنوبی و وسطی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب کراچی میں آج سے سمندری ہوائیں چلیں گی، جس کے بعد سے شہرِ قائد میں گرمی میں کچھ کمی کا امکان ہے۔خصوصی رپورٹر کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت کم ہوگیا لیکن گزشتہ روز شدید حبس اور گرمی رہی جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال ہوگئے۔ بیورورپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے اگلے چار پانچ دنوں میں موسم خشک رہنے اور مالاکنڈ ڈویژن میں کہیں کہیں بارش اور طوفان کا تیس فیصد امکان ظاہر کیا ہے۔ خیبر پی کے کے زیادہ تر علاقوں اور پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ شدید گرمی رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دریں اثناء ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5050 میگا واٹ ہو گیا۔ مختلف علاقوں میں 2 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میںبجلی کا شارٹ فال 5000 میگاواٹ سے تجاوز کرتے ہوئے کل 5050 میگاواٹ ہو گیا ہے جمعرات کے روز بجلی کی طلب 23050 میگاواٹ جبکہ پیداوار 18000 میگاواٹ رہی پن بجلی سے پیداوار 3450 میگاواٹ تھرمل پاور سے 2650 میگاواٹ جبکہ نجی بجلی سے پیداوار 11900 میگاواٹ ابھی بجلی کی کمی کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 2 سے 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔