ملتان(این این آئی)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی دوسری بار مدت پوری ہونے پر عوام کو یوم تشکر منانا چاہیے، خواہش ہے کہ وزیر اعظم بھی اپنی مدت پوری کرے۔ اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ناتجربہ کار سیاستدان پیشگوئیاں کرتے تھے کہ پارلیمنٹ توڑ دی جائیگی، جوڈیشل مارشل لا لگ جائیگا، انکی سب امیدیں دم توڑ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سامنے سینہ تان کر کھڑا ہوگیا تھا کہ پارلیمنٹ پر حملہ نہیں کرنے دوں گا۔ جاوید ہاشمی نے کہاکہ میں عمران کی پارٹی اور نواز شریف کو ہی نہیں نظام کو بھی بچانا چاہتا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ جتنی قراردادیں پاس کرا لی جائیں انتخابات وقت پر ہی ہونگے۔ تحریک انصاف نے خود وزیراعلی کا نام دیا لیکن شاید پھر کوئی اشارہ آیا تو واپس لے لیا۔ بھٹو کی پھانسی پر زرداری اور یوسف رضا گیلانی کے والد نے مٹھائیاں بانٹیں تھیں انکا کہنا تھا کہ 60 سال بعد یاد آ گیا کہ دریا خشک ہوگئے کیا دریا بیچنے والے ایوب خان کو کوئی پوچھنے والا تھا۔