اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ نے راولپنڈی کے علاقہ میں مبینہ طور پر نابینا ملزم اسرار اعوان کی ضمانت منسوخ کرنے کا فیصلہ سنا تے ہوئے ملزم کوگرفتار کر نے کا حکم جاری کردیا ہے، عدالتی حکم کے بعد پولیس نے ملزم اسرار اعوان کو تحویل میں لے لیا ہے،کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی،دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ملزم نابینا ہے تو دو دو اسلحہ لائسنس اس کے پاس کیا کر رہے ہیں، ممکن ہے وقوعہ کے بعد ملزم کسی حادثے میں اندھا ہو گیا ہو، ڈاکٹر رپورٹ دینے سے پہلے پارٹی سے رابطہ کر لیتا ہے، ڈاکٹر رپورٹ دیتے وقت پوچھتا ہے بتا کیسی رپورٹ چاہیے، سسٹم کا اس انداز سے مذاق نہ اڑائیں، ریکارڈ سے بد نیتی ظاہر ہو رہی ہے، کیوں نہ تفتیشی کو یہیں سے جیل بھیج دیں،سب انسپکٹر نے عدالت کو بتایا کہ اصل تفتیشی دوسرا تھا میرے پاس فائل ابھی آئی ہے ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اس کی ٹوپی اس کے سر اس کی ٹوپی اسکے سر، پولیس کا بس یہی کام ہے،ملزم کے وکیل نے کہا کہ عدالت جہاں سے چاہے میڈیکل کرا لے، مدعی کے وکیل نے کہا کہ ملزم نے لڑکی کو آٹھ گولیاں ماریں، تمام ثبوت ملزم کیخلاف ہیں، ملزم اسرار اعوان پر گزشتہ سال دسمبر میں ایک لڑکی پر آٹھ گولیاں چلانے کا الزام تھا، فائرنگ کے واقعہ پر ملزم کیخلاف راولپنڈی کے تھانہ وارث خان میں مقدمہ درج کیا گیا۔