پیرس (صاحبزادہ عتیق سے) فرانس کی دنیا کی سب سے بڑی سبزی، فروٹ اور تازہ اشیاء کی ہول سیل مارکیٹ نے پاکستان میں جدید ترین، انتہائی فعال اور کم قیمت مارکیٹ کھولنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس پیشکش کا اظہار بینوئٹ جیوسٹر ڈائریکٹر پراجیکٹ رانجس نے معین الحق سفیر پاکستان برائے فرانس کے رانجس کے ایک حالیہ دورے کے دوران ہونے والی ایک ملاقات میں کیا جو کہ پیرس کے نواحی علاقے میں واقع ہے۔سفیر نے رانجس کی جدید ترین سہولتوں سے لیس ہول سیل مارکیٹ کو پاکستان میں متعارف کروانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک خوش آئند اقدام قرار دیا اور کہا رانجس مارکیٹ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا اور مارکیٹ میں موجود خوردنی اشیاء کی سٹوریج، انہیں محفوظ رکھنے کے نظام اور ان کی فرانس اور یورپ کے مختلف علاقوں میں ترسیل کے محفوظ ترین اور تیز ترین نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ رانجس کی انتظامیہ نے سفیر پاکستان کو پاکستان کی غذائی اشیاء کو غانزیز کی مارکیٹ میں متعارف کروانے کی بھی پیشکش کی۔ رانجس مارکیٹ نے 1969 سے باقاعدہ طور پر کام شروع کیا اور وہ اب 234 ہیکڑز پر پھیلی ہوئی ہے یہ اشیاء کو محفوظ رکھنے کے نظام، تقسیم کاری نظام اور ذخیرہ کرنے کی سہولیات کے جدید ترین آلات سے لیس ہے۔ رانجس کی سالانہ آمدن نو بلین یورو ہے اور رانجس فرانس اور یورپ کے دوسرے ممالک میں 6.64 ملین لوگوں کو کاروباری مواقعے فراہم کرتی ہے اور اس کے 1.258 ملین رجسٹرڈ خریدار ہیں۔
دنیا کی سب سے بڑی تازہ اشیاء کی فرانسیسی مارکیٹ رانجس کی پاکستان میں کاروبار کیلئے دلچسپی
Jun 01, 2018