لاہور(خبر نگار)ضلعی انتظامیہ لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے والے اور پرواز کرنے والے طیاروں کے پائلٹوں کو لیزر لائٹوں سے بچانے میں ناکام ہوگئی۔ طیاروں کی لینڈنگ کے دوران ملحقہ علاقوں کے گھروں کی چھتوں سے عوام لیزر لائٹس کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی لیزر لائٹس کا استعمال کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی کاروائی عمل نہیں کر سکی۔ علامہ اقبال ائرپورٹ کے اطراف اور ملحقہ علاقوں بیدیاں روڈ، نادرہ آباد، بھٹہ کوہاڑ، نشتر سمیت دیگر علاقوں میں گھروں کی چھتوں پر بچوں نے جہازوں کی لینڈنگ کے دوران لیز لائٹس کا بے دریغ استعمال شروع کر دیا ہے۔ نیچی اڑان والے طیاروں کو بھی لیز ر لائٹس سے تنگ کیا جاتا ہے۔گذشتہ روز بھی قطر ائیر ویز کی پرواز 629کے پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو لینڈنگ سے قبل یہ آگاہ کیا کہ ایک چھت سے مسلسل طیارے کے کاک پٹ میں لیزر لائٹ کا استعمال کرکے تنگ کیا جا رہا ہے۔ لیکن پولیس کی جانب سے کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ پرندوں کے بعد سب سے زیادہ لیزر لائٹ سے جہاز کے پائلٹس کو لینڈنگ سے قبل ایسی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی متعدد بارانتظامیہ کو آگاہ کر چکی ہے کہ ان علاقوں میں لیزر لائٹ کا استعمال اور فروخت روکی جائے۔ مگر پولیس ہر بات ٹال مٹول سے اس اہم ایشو پر پردہ ڈال دیتی ہے۔