جشن ولادتِ حضرت امام حسن ؑ مجتبیٰ مذہبی عقیدت واحترام کیساتھ منایا گیا

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)قائدملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق نواسہ رسولؐ خلیفہ راشد سردار جنت شہنشاہِ زمین و زمن،امام صلح و امن حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کا یوم ولادت پرنور جمعرات کو مذہبی جوش و جذبے اور ایمانی عقیدت کے ساتھ’’عالمی یوم امن ‘‘کے طور پر منایا گیا ۔اس موقع پر دن کا آغازسحری کے وقت تلاوت ِکلام پاک سے ہوا ۔علمائے کرام ،واعظین و ذاکرین نے محافلِ میلاد ،جلسوں ،کانفرنسوں ،سیمیناروں اور دیگر تہنیتی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے اسوہ ِامام حسن علیہ السلام پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ہیئت طلبائے اسلامیہ کے زیراہتمام عزاخانہ معصومہ قم ؑ میںمحفل امن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہاکہ جنگ و جدل سے جھلسے دور میں شہزادہ صلح امن حضرت امام حسن کؑی تعلیمات امن کی ضمانت ہیں امام حسنؑ کے ساتھ رسالت مآب ؐ اس قدر محبت کرتے تھے کہ کائنات میں اسکی مثال نہیں ملتی کہ کسی نانا نے اپنے نواسے سے اس قدر محبت کی ہو۔ فرمان نبوی ہے کہ حسن ؑ و حسین ؑ میرے بیٹے ہیں اور میری بیٹی کے نور نظر ہیں خدایا تو جانتا ہے کہ میں ان سے محبت کرتا ہوں تو بھی ان سے محبت کر۔ایک اور حدیث ہے کہ جو بھی حسن ؑ و حسین ؑ سے محبت کرے میں اس سے محبت کرتا ہوں اور جو مجھ سے محبت کرتا ہے اسے خدا بھی پسند کرتا ہے اور جو خدا سے محبت رکھتا ہے اسے خدا جنت میں داخل کرے گا اور جس نے حسن ؑ و حسین ؑ سے دشمنی کی وہ میرا دشمن ہے اور جو میرادشمن خدا کا دشمن ہے اور خدا کے دشمن کا ٹھکانہ جہنم ہے ۔ایک اور مقام پر حضور ؐ نے فرمایا کہ حسن ؑ و حسین ؑ جوانانِ جنت کے سردار ہیں۔محفل سے فیضان علی فیضی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔دربارسخی شاہ پیاراکاظمی میں محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اظہرعباس حیدری نے کہاکہ حضرت امام حسن ؑ کی صلح اور تاریخ بشریت و شریعت کی جرات و شجاعت آمیز دلیرانہ نرم روش نے بنی امیہ کی سازش کا پردہ چاک کردیا‘یہی وجہ ہے کہ امام حسن ؑ کے بعد امام حسین ؑ نے بھی اپنے بڑے بھائی کی روش اختیار کی اور اسکی تفسیر و توضیح فرمائی اور اپنے دور کے طاغوت عصر کے چہرے پر پڑے اسلام کے مصنوعی نقاب کو نوچ کر پھینک دیا۔محفل سے ذاکرسیدقمررضانقوی، رومین عباس نے بھی خطاب کیا۔امام بارگاہ قصرابوطالب ؑ مغل آباد میں جشن امام حسن ؑ سے خطاب کرتے ہو ئے علامہ علی ناصرحسینی تلہاڑانے کہاکہ حضرت امام حسن مجتبیٰ کی دانشمندی کی بدولت امام حسین ؐ نے جو عظیم انقلاب برپاکیا جو آج بھی دنیائے مظلومیت کیلئے سبق آموز ہے، جشن ذاکرناہیدعباس جگ نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن