خواجہ سعدرفیق کے جانے پر، پریم یونین کا ہانڈیاں توڑنے کا پروگرام احترام رمضان میں منسوخ

راولپنڈی (نیوزرپورٹر)خواجہ سعدرفیق کی ریلوے سے رخصتی کے موقع پر پریم یونین کا احتجاجی طور پر ہانڈیاں توڑنے کا پروگرام احترام رمضان میں منسوخ کر کے شکرانے کے نفل ادا کیئے گئے۔اس موقع پر ریلوے پریم یونین کے سیکریٹری جنرل اشتیاق احمد آسی نے ریلوے کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں پانچ سالہ سیاہ دوراختتام پذیر ہوا ۔ ظلم و بربریت ،لوٹ مار اور محنت کشوں کے استحصال نے ریلوے کے ادارے کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا۔سابقہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے لاڈلے کو ایک ارب ستتر کروٹر روپے کی خطیر رقم موج میلے کے لیئے دی جسے موصوف نے اپنے کار خاص افسران کے ساتھ مل کر کرپشن کی ایسی تاریخ رقم کی جس کی کوئی مثال نہیں مل سکتی ۔انہوںنے کہا اکتالیس ارب کے خسارے میں چلنے والے ادارے لے لئے موصوف وزیر سعد رفیق شاباشی مانگتے پھرتے ہیں جبکہ موجودہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی جاتے جاتے ریلوے میں خواجہ کے خصوصی افسران کو کرپشن کی بندر بانٹ میں وزیر ریلوے کا ساتھ دینے پر سیکریٹری ،چئرمین کے عہدے پر فائز کر کے اس کرپشن میں اپنا حصہ ڈالا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کے فرانزک آڈٹ کے حکم کو دائیں بائیں کرنے کے لیئے اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیئے بڑی پوسٹوں پر اپنے من پسندافراد لگا دیئے ہیں جو ریکارڈ میں ردو بدل اور مختلف فائیلوں کو چھپانے کی کوشش کرنے میں جتے ہوئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن