کراچی (نوائے وقت رپورٹ) روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں انٹر بینک سمیت اوپن مارکیٹ میں آج بھی کمی سامنے آئی۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مزید 35 پیسے کم ہو کر 148,15 روپے کا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے کمی کے بعد 149 روپے کا ہو گیا۔ کرنسی ڈیلرز کہتے ہیں کہ رمضان کے آخری عشرے میں بیرون ملک سے ترسیلات زر کی آمد بڑھی ہے اور زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک سے آ رہی ہیں جس کی وجہ سے سپلائی بہتر ہوئی ہے۔ سپلائی بہتر ہونے سے ڈالر کی قیمت اوپن مارکیٹ میں ایک روپے تک گری ہے۔ فوریکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا تھا کہ انٹر بینک مارکیٹ میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو اوپن مارکیٹ میں آنے والے دنوں میں ڈالر میں واضح کمی ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹر بینک مارکیٹ میں بہت زیادہ اتار چڑھاؤ اوپن مارکیٹ کو متاثر کرتا ہے۔ دوسری جانب صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 70 ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 60 ہزار 14 روپے ہو گئی ہے۔ دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے نے اڑان بھر لی اور فی اونس سونے کی قیمت 29 ڈالر بڑھ کر 1297 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ جبکہ کراچی‘ حیدر آباد‘ سکھر‘ ملتان‘ فیصل آباد‘ لاہور‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 70 ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 60 ہزار 14 روپے ہو گئی ہے۔