کراچی(اسپورٹس نیوز)وکٹری اسپورٹس فٹبال کلب کے زیر اہتمام آل کراچی عبدالعزیز بابو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ٹورنامنٹ میں مزید چارمیچز کے فیصلے ہوگئے ملیر شاہین ، ملیر محمڈن ، آل برادرز اور اسماعیل میموریل نے اپنے میچز جیت لیئے جبکہ بلوچ کلب ملیر، صاحبداد اسٹار، گرین مجاہد، چنیسر بلو کو سفر ختم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ملیر شاہین اور بلوچ کلب کے مابین کھیلا جانے والا میچ ملیر شاہین کی جیت پر ختم ہوا جس میں ملیر شاہین نے بلوچ کلب کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی ملیر شاہین کی جانب سے ان کے اسٹارفارورڈ ذاکر ناز اور امان اللہ نے گول اسکور کیئے جبکہ بلوچ کلب کا واحد گول انور نے کیا۔ ملیر محمڈن اور صاحبداد اسٹار کے مابین کھیلا جانے والا میچ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا جس کے بعد میچ کا فیصلہ بذریعہ پنالٹی ککس کیا گیا جس میں ملیر محمڈن نے صاحبداد اسٹار کے خلاف تین کے مقابلے میں چار گول سے کامیابی حاصل کی۔ آل برادرز اور گرین مجاہد کی ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا میچ بھی سنسنی خیز رہا جو وقت مقررہ تک بغیر کسی گول کے برابررہا اور میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر کیا گیا جس میں آل برادرز نے گرین مجاہد کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔ ٹورنامنٹ کا سب سے دلچسپ و سنسنی خیز مقابلہ اسماعیل میموریل اور چنیسر بلو کی ٹیموں کے مابین ہوا جس میں میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اک دوسرے کے گول پر متعدد حملے کیئے لیکن دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپرزکی شاندارکارکردگی کی بدولت کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ میچ کا دوسرا ہاف شروع ہوا تودونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا میچ کی خاص بات اسماعیل میموریل کے فارورڈز کا شاندار کھیل تھا جنھوں نے بہترین مووزبنائے اور کئی حملے کیئے لیکن قسمت ان پر کچھ کم مہربان رہی اور وہ اپنے فارورڈ وحید کی بدولت صرف ایک گول کرسکے۔اس شاندار میچ کے مہمان خصوصی مشہور و معروف سماجی رہنما اوراسپورٹس لور عبدالحمید ہوت صاحب تھے جن سے وقفہ کے دوران دونوںٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا ۔ میچز میں ریفری کے فرائض عزیز بادشاہ،عمر بلوچ، اسحاق عثمان، اکرم شاد، شاہد، عمران حسین نے انجام دیئے میچ کمشنر نثاراحمد بلوچ جبکہ میڈیا کوآرڈینیٹر اسلم کامریڈ اورحارث بلوچ تھے۔ٹورنامنٹ کے سلسلے میں آج یاسین اسٹار اور محمدی اسپورٹس کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔