پاکستان اورمصرنے سیاسی وفود کے تبادلوں میں اضافے ،مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے جلد انعقاد اورباہمی تجارتی ومعاشی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کرنے پراتفاق کیاہے۔ اس عزم کااظہار مکہ مکرمہ میں چودھویں اسلامی سربراہ اجلاس کے موقع پروزیراعظم عمران خان اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کی ملاقات میں کیاگیا۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اورعالمی اموراورامت مسلمہ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے علاقائی سیکیورٹی صورتحال پربھی بات چیت کی جس میں احتیاط اورصبروتحمل کے مظاہرے اورمسائل پرامن انداز میں حل کرنے کی ضرورت پرزوردیاگیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ پاکستان اورمصر عالم اسلام کے دواہم ملک ہیں اور امت کے مسائل حل کرنے میں ان کااہم کردارہے۔ انہوں نے مصر کے صدرکو پاکستان کادورہ کرنے کی دعوت دی۔ فریقین نے اس بات پراتفاق کیاکہ اعلیٰ سطح کے ایسے وفود کے تبادلے سے دونوں برادرملکوں کے درمیان تعاون اوردوستی نئی بلندیوں تک پہنچ جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان اور مصر کے صدر کی ملاقات,دوطرفہ اقتصادی اورتجارتی تعلقات کے فروغ پراتفاق
Jun 01, 2019 | 11:01