عمران نیازی کا نیا پاکستان معاشی اوراقتصادی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا:شہباز شریف

لندن(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے معاشی دہشت گردی قرار دے دیا ہے۔لندن سے جاری اپنے بیان میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ دنیا بھر میں پیڑول سستا ہو رہا ہے لیکن نااہل نیازی کی وجہ سے پاکستان میں پیڑول کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے ،حکومت عملا ناکام ہوچکی ہے۔پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے عیدالفطر کے موقع پرعوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر پٹرول بم گراکر معاشی دہشت گردی کی ہے،عمران نیازی نے عوام کو مہنگائی اوربیروزگاری کے عذاب سے دوچارکردیا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو آئی ایم ایف میں گروی رکھنے کے اثرات روز عوام کے سامنے آرہے ہیں،اورعمران نیازی کا نیا پاکستان معاشی اوراقتصادی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔اس موقع پر لیگی صدر نے کہا کہ اپوزیشن عوام کے خلاف اس معاشی دہشتگردی پر بھرپور احتجاج کرے گی۔واضح رہے کہ رات گئے وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کے تحت پیٹرول چار روپے چھبیس پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل چار روپے پچاس پیسے مہنگا کیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن