فیروزوالا‘ شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ‘ کوئٹہ (نامہ نگار‘ نمائندگان خصوصی‘ نامہ نگار خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت‘ بیورو رپورٹ) لاہور سے ملتان جانے والی بس خانیوال میں موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے الٹ گئی‘ 9 مسافر جاں بحق 35 زخمی ہوگئے۔ کالا شاہ کاکو میں باراتیوں کی وین ٹائر پھٹنے سے الٹ گئی۔ ماں اور 2 بیٹوں سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد چل بسے۔ 12 زخمی ہسپتال منتقل۔ گوجرانوالہ میں مین موٹر سائیکلوں کے تصادم سے سڑک پر گرنے والی ماں اور 3 بیٹوں کو ڈمپر نے کچل ڈالا۔ 2بچے جاں بحق‘ نوشکی میں کار اور پک اپ کے تصادم میں 4 افراد چل بسے۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار‘ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار خصوصی اور نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نیو موٹروے سیالکوٹ انٹرچینج کالاشاہ کاکو کے قریب باراتیوں سے بھری وین ٹائر پھٹ جانے سے الٹ گئی جس کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے جن میں خاتون اور اسکی 2 بیٹیاں بھی شامل ہیں جبکہ بارہ افراد زخمی ہوگئے۔ جن کوطبی امدادکیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ چارافراد کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ حادثہ کی اطلاع پر شادی والے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ کالا خطائی روڈ بابکوال کے رہائشی محمد بوٹا کے بیٹے علی بھٹی کی بارات میں شرکت کیلئے ان کے رشتہ دار جو ویگن میں فاروق آباد جا رہے تھے کہ کالا شاہ کاکو انٹرچینج کے قریب ٹائر پھٹ جانے کے باعث ویگن الٹ گئی جس میں سوار محمد طفیل کی بیوی سعدیہ بی بی اور اسکی دو بچیاں نور طفیل چار سالہ، اقراء طفیل چھ سالہ ان کی رشتہ دار خاتون زیبا بی بی اور دس سالہ بچہ سمیع اللہ جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ بارہ افراد زخمی ہوگئے جن کو شہریوں نے ویگن کے شیشے توڑ کر ہسپتال پہنچایا ریسکیو کا عملہ اطلاع ملنے کے باوجود تاخیر سے پہنچا، ویگن ڈرائیور شان علی بھی زخمی ہوگیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سیالکوٹ روڈ پر دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ زمین پر گرتے ہی تیز رفتار ڈمپر نے ماں اور تین بچوں کو کچل ڈالا جس پر دو بچے 15سالہ حسنین اور 13سالہ ضیغم موقع پر ہی جاں بحق جبکہ آٹھ سالہ فیضان اور اس کی ماں عافیہ شدید زخمی ہو گئے ریسکیو اہلکاروں نے نعشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ماں اور زخمی بچے کی حالت تشویشناک ہے۔نیٹ نیوز کے مطابق لاہور سے ملتان جانے والی مسافر بس خانیوال رانگو پل کے قریب موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس میں 9 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے بس کو کاٹ کر مسافروں کو نکالا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ خانیوال سے صباح نیوز کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ریسکیو آپریشن دوگھنٹے تک جاری رہا، ریسکیو اہلکار بس کی باڈی کاٹ کر زخمی مسافروں کو نکالتے رہے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال اور نشتر ہسپتال ملتان شفٹ کردیا جن میں تین معصوم بچوں سمیت 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ بس میں سوار ایک 6 ماہ کا بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا جسے خراش تک نہ آئی۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق نوشکی آر سی ڈی شاہراہ جنگلات کے مقام پر ڈبل دوڑ پک اپ اور فیلڈ کار موٹر میں خوفناک ٹریفک حادثہ میں خاتون سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ 14افراد شدید زخمی ہو گئے‘ جنہیں کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں عطاء اللہ‘ محمد ستار‘ عبدالرشید‘ راشدہ دختر عبدالرشید شامل ہیں۔