امام کعبہ عبداللہ الشریم کے استاد قاری یحییٰ انتقال کر گئے‘ پہلی نماز جنازہ آج ساہیوال دوسری اوکاڑہ میں ادا کی جائیگی

Jun 01, 2020

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) تجوید وقرات کا آفتاب غروب ہو گیا، امام کعبہ الشیخ عبداللہ الشریم کے استاد قاری محمد یحییٰ رسول نگری 75برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ساہیوال کے مقامی ہسپتال میں مختصر علالت کے باعث انتقال کر گئے۔ انہوں نے 2 بیوگان کے علاوہ 9بیٹے اور 4 بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔ان کی پہلی نماز جنازہ آج بروز سوموار صبح 10 بجے کنعان پارک ساہیوال جبکہ دوسری نماز جنازہ چک15 ون آر رسول نگر اوکاڑہ میں ادا کی جا ئے گی۔ وہ جامعہ عزیزیہ دارلقرا ء ساہیوال میں 1970 ء سے وابستہ تھے۔ جہاں انہوں نے پچاس سال تجوید وقرات کے علوم کی تدریس کی۔ انہوں نے برصغیر کے معروف قاری اظہار احمد تھانوی سے تجوید قرات کی سند فراغت حاصل کی۔قاری ابرہیم میر محمدی سمیت انکے شاگردوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔آپ بابا ئے قرات کے نام سے جانے جاتے تھے۔ان کے شاگردوں میں آئمہ حرم الشیخ عبداللہ الشریم اور دیگر کبار قرا شامل ہیں۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ ساجد میر،ناظم اعلی سینیٹر حافظ عبدالکریم،چیف آرگنائزر حافظ ابتسام الہی ظہیر، قاری ابراہیم میر محمدی، قاری محمد ادریس عاصم، قاری صہیب احمد میر محمدی، قاری محمود الحسن بڈھیمالوی، قاری نوید الحسن لکھوی نے مرحوم کی وفات پر دلی رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں