گندم کی نئی پروکیورمنٹ پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے:عبدالعلیم خان

Jun 01, 2020

لاہور(سپیشل رپورٹر)کسانوں اور غریب افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی،حکومت کو مالیاتی دباؤ سے نکالنے اورملرز کا حکومت پر انحصار کم کرنے کیلئے گندم کی نئی پروکیورمنٹ پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے ان خیالات کا اظہارنئی گندم پروکیورمنٹ پالیسی کے سلسلے میں چیف سیکرٹری کیمپ آفس میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت،میاں اسلم اقبال اورچیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے شرکت کی جبکہ وزیر زراعت نعمان احمد لنگڑیال ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، خوراک، زراعت اور خزانہ کے محکموں کے سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے نئی پروکیورمنٹ پالیسی سے متعلق سفارشات مرتب کرنے کیلئے سینئر ممبر بورد آف ریونیو کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کر دی جو پروکیورمنٹ مراحل میں حکومت کومالی دباؤ سے نکالنے، ملرز کے حکومت پر انحصار کو کم کرنے، کسانوں کو انکی فصل کے بہترین معاوضے، غریب افراد کو براہ راست سبسڈی، قیمتوں پر کنٹرول، گندم کے سٹاک، اسکی بین الصوبائی نقل و حمل اوربرآمد کے معاملے پر سفارشات تیار کرے گی۔زراعت، خوراک، پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اور خزانہ کے محکموں کے سیکرٹریز پر مشتمل کمیٹی تین دن کے اند ر اپنی سفارشات مرتب کریگی جن کو حتمی منظوری کیلئے وزیر اعظم کوپیش کیا جائے گا۔

مزیدخبریں