شام میں مذہبی مقامات کی بے حرمتی،جمعہ کو یوم مذمت منایا جائیگا: علامہ زبیر ظہیر

Jun 01, 2020

لاہور(نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے شام میں مذہبی مقامات کی بے حر متی پر جمعہ کے روز ملک بھر میں یوم مذمت منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس معاملے کا فوری نوٹس لیں۔ وہ اتوار کو مرکزی عہدیداروں کے وڈیو لنک کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس اجلاس میں صوبہ سندھ سے امیر عبداللہ فاروقی، مولانا مرتضیٰ رحمانی، پنجاب سے مولانا عبدا لستار نیازیِ، مولانا مقبول احمد سلفی، رانا محمد آصف، میاں محمد اصغر، فیصل آباد سے محمد شاہد مغل، میاں محمد وقاص طاہر، راولپنڈی سے ڈاکٹر سید طالب الرحمٰن شاہ زیدی، اسلام آباد سے پروفیسر سید عبدالغفار شاہ بخاری، پشاور سے مولانا مقصود احمد سلفی اور ڈاکٹر حبیب اللہ سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کے دوران اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا شام کے صوبہ ادلب میں مذہبی مقامات کی بے حر متی کر نیوالے اسلام دشمن ہیں اور ایسے لوگوں کو کسی صورت معافی نہیں ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی مذہبی جماعتوں کیساتھ ملکر اس معاملے پر پورے پاکستان میں آئندہ جمعہ کو یوم مذمت منائے گی۔ جلسے جلوس اور احتجاجی مظاہر ے کئے جائیں گے اگر حکومت نے مسلمانوں کے جذبات کو نہ سمجھا اور فوری عملی اقدامات نہ کئے تو حالات کی خرابی کی ذمہ دار خود حکومت ہوگی۔ مسلمان ایسی انتہائی بد ترین دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں