راولپنڈی ( نیوز ڈیسک )عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے مسجدِ نبوی شریف ؐ کے مبارک دروازے کھلنے پر پوری امتِ مسلمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ تمام مسلمانانِ عالم اس عظیم موقع پر اپنے ربِ کریم کا بے حد شکر بجا لائیں اور اپنے کریم آقا حضور نبی کریم ؐ کے ساتھ اپنی نسبت، اپنا تعلق اوراپنا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر کرنے کا عہد کریں اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے روحانی مرکز مدینہ منورہ میں اپنی غلامانہ حاضریاں پیش کرتے ہوئے پوری دنیا سے کرونا وائرس کے خاتمے اور نجات کے لئے بھی دعائیں مانگی جائیں۔ اس عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا خوف و ہراس میں مبتلا ہے، کاروبارِ سلطنت رک چکا ہے، لوگ اپنے گھروں تک محصور ہیں، دیہاڑی دار اور روز مرہ محنت مزدوری کرنے والوں کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک آ پہنچی ہے ا ور ہزاروں افراد لقمہِ اجل بن چکے ہیں یہ سب کچھ یقیناً ہماری بد اعمالیوں اور گناہوں کی شامتِ اعمال ہے۔ہم میں سے آزمائش کے لائق تو کوئی بھی نہیں ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کے نبیوں، رسولوں نے آزمائشوں سے پناہ مانگی ہے ایسے کڑے وقت میں مسجدِ نبوی شریف ؐکے دروازے کھلنے کی خبر رحمتِ الہیٰ کی نوید بن کر آئی ہے اور اللہ کریم کے اس وعدے کی جانب اشارہ کر رہی ہے کہ اے میرے پیارے حبیب ؐ آپؐ لوگوں کو فرما ددیجئے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے نا امید نہ ہوں، اللہ تعالیٰ تمام گناہوں کو بخشنے والا ہے اور اللہ تعالیٰ بڑا غفور و الرحیم ہے۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سچے دل اور خلوصِ نیت سے اپنے ربِ کریم کی جانب رجوع کر کے اپنے گناہوں سے سچی توبہ کریں اور اللہ تعالیٰ سے اس کی بے پناہ وسیع رحمت و مغفرت کی التجا کریں۔اس پیغام کے موقع پر پیر محمد نقیب الرحمن بھی ساتھ موجود تھے جنہوں نے اپنا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مسجدِ نبوی شریفؐ کا مسلمانانِ عالم کے لئے کھلنا بڑی سعادت کی بات ہے اور یہ عظیم یوم ہمارے دلوں میں نبیِ رحمت ؐ کی محبت ، عشق ، تڑپ اور چاہت میں مزید اضافے کا باعث بنے اور حرمین شریفین کے مبارک دروازے ہم گناہگاروں پر ہمیشہ کھلے رہیں۔ پیغام کے آخر میں پیر محمد نقیب الرحمن نے ساری دنیا بالخصوص وطنِ عزیز پاکستان میں کرونا وبا کے خاتمے ، ملکی سلامتی ترقی ، خوشحالی، پیرا میڈیکل اور میڈیکل سٹاف اور افواجِ پاکستان کی سر بلندی،اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا کی۔