نئی دہلی (یواین پی) بھارت آئی پی ایل کے بقیہ میچز کیلئے ایک بار پھر خود غرضی دکھانے لگا، ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ سے کیریبیئن لیگ کو ہفتہ، 10 دن پہلے ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کے بقیہ میچز میں اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے خود غرضی کی انتہا کرتے ہوئے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ پر بھی حکم چلانا شروع کردیا ہے، بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کے 14 ویں ایڈیشن کو ستمبر، اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں مکمل کرنیکا فیصلہ کیا، بھارتی کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کے بقیہ 31 میچز 19 ستمبر سے 10 اکتوبر تک مکمل کرنا چاہتا ہے تاہم فی الحال اس کی راہ میں بڑی پریشانی کیریبیئن پریمیئر لیگ ثابت ہورہی ہے جو 28 اگست سے 19 ستمبر تک شیڈول ہے جس کی وجہ سے کئی اہم غیر ملکی پلیئرز آئی پی ایل کے ابتدائی میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔بی سی سی آئی چاہتا ہے کہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ اپنی سی پی ایل کو ہفتہ، 10 دن پہلے ختم کرے، بھارتی بورڈ کے ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم ویسٹ انڈین بورڈ کو ایونٹ شیڈول سے چند روز قبل ختم کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ تاکہ آئی پی ایل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز بائیو سیکیور ببل سے بائیو سیکیور ببل منتقل ہوکر انڈین لیگ سے قبل اپنی اپنی ٹیموں میں شامل ہوسکیں۔اس وقت کیرون پولارڈ، کرس گیل، ڈیوائن براوو، شیمرون ہیٹمائر، جیسن ہولڈر،نکولس پوران، فابیان ایلن، کیمو پال، سنیل نارائن اور کوچ برینڈن میکولم دونوں ٹی 20 لیگز کا حصہ ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس بھی آئی پی ایل کیلئے بی سی سی آئی ایک طرف ایشیا کپ ملتوی کرایا تھا اور دوسری جانب آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے کورونا وائرس کے نام پر التوا میں بھی پس پردہ اہم کردار ادا کیا تھا۔