لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے اغواء برائے زیادتی اور چوری کا مقدمہ خارج کرنے کا حکم کالعدم کرانے کے لیے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ جسٹس محمد شان گل نے شہزاداں مائی کی درخواست پر 14 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالت کا تحریری فیصلہ ڈی پی او جھنگ کو بھجوانے کا حکم۔ جسٹس محمد شان گل کا ڈی پی او جھنگ کو عدالتی فیصلے کی روشنی میں مقدمہ کی دوبارہ تفتیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ ڈی پی او جھنگ یقینی بنائے کہ مقدمہ کی تفتیش قانون کے مطابق کی جائے۔ فاضل عدالت نے اپنے تحریری فیصلہ میں کہا ہے کہ تفتیشی افسر اور ڈی پی او جھنگ آفس کے درمیان رابطے کا فقدان تشویشناک ہے۔ مقدمہ کے تفتیشی افسر نے ملزم کی ملی بھگت سے علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے حقائق چھپائے۔ تفتیشی افسر نے اغواء برائے زیادتی کے مقدمہ کی تفتیش تبدیلی سے متعلق عدالت کو آگاہ نہیں کیا۔ تفتیشی افسر نے مقدمہ کی تفتیش تبدیلی سے متعلق پراسکیوٹر کو بھی آگاہ نہیں کیا اور مقدمہ خارج کروایا۔ عدالت کے استفسار پر مقدمہ کے تفتیشی افسر نے بہانہ لگایا اور بتایا کہ وہ مقدمہ کی پہلی تفتیش کی تبدیلی سے آگاہ نہیں تھا۔ درخواست میں کہا گیا کہ گڑھ مہاراجہ پولیس نے جنوری میں درخواستگزار کی مدعیت میں ملزم ثقلین عباس کیخلاف اغواء کا مقدمہ درج کیا۔ درخواستگزار کے مقدمہ کی تفتیش سے مطمئن نہ ہونے پر متعلقہ ڈی پی او نے دوبارہ تفتیش کا حکم دیا۔ مقدمہ کے تفتیشی افسر غضنفر عباس نے ملزم ثقلین عباس کو الزامات سے بری الذمہ قرار دے دیا۔ تفتیشی افسر نے ملزم سے ساز باز کر کے علاقہ مجسٹریٹ سے مقدمہ خارج کرنے کا حکم بھی حاصل کر لیا۔