بارش آندھی سے حادثات اوکاڑہ کے 8 افرد سمیت جاں بحق 

Jun 01, 2021

لاہور/ راولپنڈی/ اسلام آباد/ کراچی/ اوکاڑہ/ بچیانہ/ شیخوپورہ/ الہ آباد/ ٹھینگ موڑ/ ساہیوال/ حافظ آباد/ نارووال/ گوجرانوالہ/ بصیر پور/ سیالکوٹ/ سمبڑیال/ ٹوبہ ٹیک سنگھ/ موڑ کھنڈا/ نوشہرو فیروز (نیوز رپورٹر‘ نمائندگان‘ نیوز ایجنسیاں) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز آندھی اور ہوائیں چلنے کیساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی چلنے سے مختلف حادثات میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد سمیت 20 افراد جاں بحق ہو گئے۔ لاہور میں تیز ہواؤں‘ آندھی اور طوفان سے 270 کے قریب فیڈر ٹرپ کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق  لاہور میں تیز ہواؤں اور آندھی اور بارش کے باعث 270 کے قریب فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے متاثرہ علاقوں میں بجلی  بھی بند رہی۔ لیسکو کی ٹیموں نے پٹرولنگ کرکے تمام علاقوں کی بجلی کی سپلائی بحال کر دی ۔ اوکاڑہ شہر اور گردو نواح میں 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والے طوفان اور تیز بارش سے گوگیرہ میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد 4 خواتین اور 4 بچوں سمیت  جاں بحق ہو گئے جبکہ درخت گرنے اور دیوار گرنے سے دو افراد جاں بحق تین شدید زخمی ہو گئے۔  بارش کے باعث نواحی قصبہ گوگیرہ کی آبادی طارق کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی گھر کے  آٹھ افراد ملبے تل دب گئے۔  تیز آندھی کے باعث شہر کے معروف علاقے کچہری بازار میں درخت گر گی۔ا درخت گرنے سے رشین سیلڈ فروخت کرنے والا نوجوان سہیل جاں بحق ہو گیا جبکہ دو راہگیر زخمی ہو گئے۔ تیز آندھی سے حویلی لکھا میں دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ چھت کے ملبے تلے جاں بحق ہونے والوں میں طاہرہ بی بی‘ رانی بی بی‘ علاں بی بی‘ تنزیلہ‘ حارث‘ وارث‘ ضمن رضا اور شگفتہ شامل ہیں جبکہ 4 افراد زخمی   بھی ہوئے۔ ساہیوال میں شدید طوفان کے باعث دو مختلف مقامات پر چھتیں  گرنے سے دو افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں طوفان کے باعث آسمانی بجلی گرنے سے کسان جاں بحق ہو گیا۔ حویلی لکھا میں حجرہ روڈ پر آندھی کے باعث دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ نوشہرو فیروز میں محبت دیرو کے نواحی  گاؤں بھونئر میں گھر کی دیوار گرنے سے دو بہنیں اور ایک بھائی دب کر جاں بحق ہو گیا۔ ہسپتال ذرائع  کے مطابق جاں بحق بچوں میں سات  7 سالہ ریحانہ‘ 6 سالہ عائشہ‘ پانچ سالہ غلام دستگیر شامل ہیں۔ حافظ آباد میں کوٹ سرور روڈ پر واقع رتہ گاؤں میں شدید بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں ایک تین سالہ بچلہ ملبہ تلے دب کر جاں بحق جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں نواحی چک نمبر 482/ ج ب میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ 30 سالہ نوجوان محمد رمضان اپنے کھیتوں میں پانی لگا رہا تھا کہ اس  پر آسمانی بجلی گرج چمک کے دوران گری جس پر وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اوکاڑہ میں آندھی اور بارش سے مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ جڑواں شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہونیوالی موسلادھا بارش گے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔ متعدد مقامات پر شدید ژالہ باری بھی ہوئی۔ بچیانہ اور گردونواح میں گرد آلود آندھی کے بعد موسلادھار بارش ہوئی جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ الہ آباد/ ٹھینک موڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے مویشیوں کے باڑے میں آگ لگ گئی۔ اہل دیہہ نے مویشیوں کو باہر نکال لیا جبکہ باڑے کی چھت اور بھوسہ جل کر خاکستر ہو گئے۔ حافظ آباد‘ نارووال اور گوجرانوالہ میں بھی بارش اور تیز ہوا نہیں چلتی رہیں۔ جبکہ موڑ کھنڈا‘ گوجرانوالہ‘ ساہیوال‘ بصیر پور‘ سیالکوٹ‘ سمبڑیال اور شیخوپورہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔ شہر قائد کراچی میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے معاملات پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے ایم ڈی کے الیکٹرک مونس علوی کو گورنر ہائوس طلب کرلیا۔ گورنر ہائوس طلب کیے جانے پر ایم ڈی کے الیکٹرک مونس علوی گورنر سے ملاقات کے لیے پہنچے۔ گورنر سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے فوری عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں